کنداپور 6؍دسمبر(ایس او نیوز) آدھی رات کے وقت نیشنل ہائی وے 66پر ایک نامعلوم گاڑی کے ٹکر مارنے سے موٹر بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار نوجوان طالب علم ہلاک ہوگیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سندیپ شیٹی (۱۹ سال) آئی آئی ٹی کے دوسرے سال میں پڑھائی کررہاتھا۔ چونکہ وہ انتہائی افلاس اور غربت کا شکار تھا اس لئے اپنی پڑھائی کی فیس اور گھریلو اخراجات میں والدین کی مدد کرنے کے لئے وہ رات کے وقت ہوٹل میں پارٹ ٹائم نوکری کیا کرتا تھا۔ لیکن رات بارہ بجے کے قریب اپنی ڈیوٹی ختم کرکے اپنے دوست سبھاش کے ساتھ جب وہ گھر لوٹ رہاتھاتو کوئی گاڑی ان کی بائک کو ٹکر مارکر موقع سے فرار ہوگئی۔حادثہ کی وجہ سے سندیپ کے سر پر کافی گہری چوٹ آئی جس کے بعد اسپتال منتقل کرنے کے دوران اس کی موت واقع ہوگئی۔
کہتے ہیں کہ سندیپ کا باپ شیموگہ کے کسی ہوٹل میں ملازمت کیا کرتاہے اور ان کا پورا خاندان انتہائی غربت کا شکار ہے۔ سندیپ کی موت کے بارے میں پتہ چلتے ہی اس کے کالج کے ساتھیوں کا اسپتال کے مردہ خانے کے اطراف ہجوم لگ گیا جو بہت زیادہ غم اور صدمے سے دوچار دکھائی دے رہے تھے۔ٹریفک پولیس نے ہٹ اینڈ رن کا کیس درج کرلیا ہے۔